وفاقی وزیر فیصل واوڈا کیخلاف نااہلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈاکیخلاف نااہلی کی درخواست18 مارچ کو سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی ہے۔

رجسٹراراسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کاز لسٹ کے مطابق جسٹس عامر فاروق فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت کریں گے۔

عدالت نے وفاقی وزیرفیصل واوڈا، کابینہ ڈویژن، سیکرٹری قانون اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کررکھا ہے۔ ہائی کورٹ نے فیصل واوڈا کو بطوروفاقی وزیر فوری کام سے روکنے کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کررکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل واوڈا کیخلاف نا اہلی کی درخواست پر فریقین سے جواب طلب

ایڈووکیٹ جہانگیر خان جدون کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا، سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری قانون وانصاف، سیکرٹری قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔

چوبیس فروری کو بیچ کی عدم دستیابی پر سماعت بغیر کارروائی ملتوی کردی گئی تھی۔ فیصل واوڈا پر کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کا الزام ہے۔ شہری میاں محمد فیصل نے فیصل واوڈا کیخلاف درخواست دائر کررکھی ہے

درخواستگزار کا مؤقف ہے کہ فیصل واوڈا کاغذات نامزدگی جمع کرواتے وقت دوہری شہریت رکھتے تھے اور انہوں نے دوہری شہریت چھوڑنے سے متعلق غلط بیانی کی۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فیصل واوڈا کو نا اہل قرار دے کر کراچی کے حلقہ این اے 249 میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں۔


متعلقہ خبریں