مری میں برفباری، سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچ گئی


مری: مری میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس سے لطف اٹھانے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد مری کا رخ کر رہی ہے۔

مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد اور برفباری کی وجہ سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے جبکہ سیاحوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔

ترجمان ٹریفک پولیس نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف پیٹرول کی گاڑی لے کر ہی مری آئیں اور اپنے ہمراہ چین بھی رکھیں اور برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائر پر چین چڑھا کر گاڑی چلائیں تاکہ گاڑی نہ پھسلے۔

سیاحوں کو روڈ پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں بنانے اور غلط پارکنگ سے بھی منع کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔

یہ بھی پڑھیں سوات کی برفباری میں میراتھن

ٹریفک پولیس کی جانب سے سیاحوں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن بھی جاری کی گئی ہے تاکہ مری کا رخ کرنے والے سیاح کسی بھی پریشانی سے محفوظ رہ سکیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ پانچ روز سے پنجاب سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جو اتوار کی شام تک جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں