پاکستان سپرلیگ2020 کے پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ مارچ کو ہونے والے میچ میں انتظامیہ کی غلطی کے سبب بین کٹنگ کو آؤٹ دیا گیا۔
بین کٹنگ کے آؤٹ پر نو بال چیک کرنے کیلئے اسٹمپ کیمرے کا غلط ری پلے چلا دیا گیا۔ براڈ کاسٹرز نے ایک ری پلے صحیح ایک غلط چلا دیا اور امپائر نے بھی غلط فیصلہ دے دیا۔
پشاور زلمی کے ساتھ میچ میں بین کٹنگ کے آوٹ ہونے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میچ ہار گیا۔ کوئٹہ کی ٹیم پشاور کے خلاف 15 اوور میں 171 رن کے ہدف کا تعاقب کر رہی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شعیب ملک، وہاب ریاض کی عمدہ کارکردگی، زلمی فتح یاب
بین کٹنگ جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کر رہے تھے لیکن اننگز کے گیارہویں اوور کی چوتھی گیند پر وہ مڈ وکٹ پر لیونگ اسٹون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
امپائر نے وہاب ریاض کی نوبال چیک کرنے کیلئے ایکشن ری پلے کا سہارا لیا اور مختلف اینگلز کو بار بار دیکھ کر فیصلہ کیا گیا کہ وہاب ریاض کی گیند نو بال نہیں تھی۔
امپائر نے اسکرین پر چلایا گیا ایکشن ری پلے دیکھ کر بین کٹنگ کو آؤٹ قرار دے دیا لیکن بعد ازاں غور کرنے پر معلوم ہوا کہ اسکرین پر چلنے والے ری پلے ہی غلط تھے۔
درحقیقت ری پلے میں چلنے والے شاٹس دو الگ الگ گیندوں کے تھے، لیکن سائیڈ کیمرے کا ری پلے اس بال کا تھا جس گیند پر بین کٹنگ آؤٹ ہوئے تھے۔
امپائر کے غلط فیصلے کے سبب پاکستان سپر لیگ2020 کے مذکورہ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پشاور زلمی کے ہاتھوں 30 رنز سے شکست ہوئی تھی۔