حکومتی دعووں کے برخلاف سرکاری ریٹ لسٹ میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں بڑھ گئیں


لاہور انتظامیہ نے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی نئی فہرست جاری کر دی ہے جس میں زیادہ تر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ 

نئی فہرست کے مطابق دودھ اور دہی کی قیمت 10 روپے اضافے کے ساتھ بالترتیب 80 سے 90 روپے اور 100 سے 110 روپے ہو گئی ہے۔

اسی طرح دال چنا کی قیمت میں 14 روپے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 104روپے سے بڑھ کر 118 روپے ہو گئی ہے۔

یہ بھی دیکھیں : مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آنا شروع، ادارہ شماریات

کالے چنے کی قیمت  14 روپے بڑھائی گئی ہے اور وہ 114 سے بڑھا کر 128 روپے مقرر کر دی گئی ہے، سفید چنے کی قیمت میں بھی تین  روپے اضافہ کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے نئی فہرست میں دال مسورکی قیمت میں 4 روپے اضافہ کر کے اسے 152 روپے کر دیا ہے۔

چھوٹے اور بڑے گوشت کی پرانی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور وہ بالترتیب 900 روپے اور 450 روپے برقرار رکھی گئی ہیں۔

نئی ریٹ لسٹ میں چینی کی قیمت مقرر نہیں کی گئی۔

مزید پڑھیں : شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی یقینی دستیابی ریاست کی ذمہ داری ہے، وزیراعظم

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی محکمہ شماریات نے دعویٰ کیا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے جس کے سبب ہفتہ وار مہنگائی کی شرح کم ہو کر 15.97 فیصد پر آ گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق انڈے 6 روپے سستے ہو کر فی درجن نرخ 96 پر آگئے، چکن 10 روپے سستا ہوکر فی کلو کی قیمت 163 روپے ہوگئی ہے۔

ٹماٹر 3 روپے کلو سستے ہوکر قیمت 43 روپے پر آگئی جب کہ چینی، آلو، گڑ، لہسن، دال چنا، مسور اور آٹا بھی سستا ہوا ہے۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں ایل پی جی، دال ماش اور مونگ کی قیمتوں میں بھی معمولی کمی ہوئی ہے۔ پیاز کی قیمت ساڑھے دس روپے بڑھ نے کے بعد 66 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

 


متعلقہ خبریں