سعودی نائب وزیر دفاع کی وزیراعظم، آرمی چیف سے ملاقات


اسلام آباد: سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلطان نے وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سعودی نائب وزیر دفاع نے ملاقات میں پاک سعودی تعلقات پر اظہار خیال کیا۔

عمران نے اس موقع پر کہا کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کو اقتصادی تعاون فراہم کیا۔ دونون ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بھارت میں ہندتوا نظریات اور کشمیریوں کے مصائب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں مسلم اقلیت مظالم کا شکار ہے۔

مزید پڑھیں: پاک سعودی مشترکہ فوجی مشقیں شروع

ملاقات میں سعودی نائب وزیر دفاع نے سعودی قیادت کا اہم پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

دریں اثناء سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلطان نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ سیکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: سعودی عرب نے پاکستانی عمرہ زائرین پر پابندی لگا دی

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پاک سعودیہ مشترکہ تربیتی پروگرام اور دفاعی شعبے میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔

آرمی چیف نے سعودی وزیر دفاع سے ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر پات چیت کی۔

اس موقع پر شہزادہ خالد بن سلطان نے کہا کہ پاکستان کی خطے میں امن کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو سراہنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔


متعلقہ خبریں