بابر کی شاندار بلے بازی، کنگز چھ وکٹوں سے فتح یاب


راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 15 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اہم میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کی جانب دیا گیا 152 رنز کا ہدف با آسانی 4 وکٹوں کے نقصان پر 18 ویں اوور میں حاصل کر لیا ہے۔

کنگز کی جانب سے بابراعظم نے 70 ، ایلکس ہیلز نے 49 اور چیڈویک والٹن نے 22 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ زلمی کی جانب سے یاسر شاہ نے دو اور کارلوس بریتھ ویٹ اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت ہوا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل: پولیس کے چھاپے، 3 بکی گرفتار

محمد عامر نے اننگز کے پہلے اوور میں پہلے ٹام بینٹن اور بعد میں حیدر علی خان کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

بعد ازاں تجربہ کار بلے باز شعیب ملک، لیونگ اسٹون اور گریگری کے مابین اچھی شراکت داری قائم ہوئی، ملک نے 68 جبکہ اسٹون اور گریگری بالترتیب 25، 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس طرح زلمی نے اپنے مقررہ 20 اوورز کے دوران 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔ کنگز کی جانب سے محمد عامر نے چار اور کرس جورڈن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض کر رہے ہیں جبکہ ڈیرن سیمی کی جگہ کارلوس بریتھ ویٹ کو کھیلایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کنگز نے یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

پوائنٹس ٹیبل پرزلمی پانچ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں اورکراچی کنگز چھ پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پربراجمان ہیں۔

یاد رہے کراچی کنگز نے اپنے گزشتہ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی۔  کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے 184 رنز کا ہدف 18 ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا تھا۔ ایلکس ہیلز اور ڈیلپورٹ کی جارحانہ اننگز نے کراچی کنگز کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔


متعلقہ خبریں