اسلام آباد: وزارت صحت میں اختیارات کی جنگ زور پکڑ نے لگی، وزارت صحت نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو ہٹانے کا نوٹیفکیشن راتوں رات واپس لے لیا ہے۔
وزارت صحت نے گزشتہ رات پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر عنصر مقصود کو عہدے سے ہٹاکر ان کی تعیناتی کے حوالے سے 9 اگست کو جاری کیا گیا نوٹیفکیشن معطل کر دیا تھا۔
وزارت کی جانب سے ڈاکٹر عنصر مقصود کو عہدے سے ہٹاکر ڈاکٹر رضوان حمید ملک کو پمز اسپتال کا قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کیا گیا تھا۔ تاہم وزارت نے ایک بار پھر نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ڈاکٹر رضوان حمید ملک کی تعیناتی سے متعلق گزشتہ رات جاری کیا گیا مراسلہ معطل کر دیا ہے۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری نئے نوٹیفکشن کے مطابق ڈاکٹر عنصر مقصود ہی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کےعہدے پر برقرار رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ڈاکٹر رضوان حمید کو معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا کی مرضی سے تعینات کیا گیا تھا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر عنصر مقصود کو معاون خصوصی کے مخصوص کام کے لیے دیے گئے احکامات نہ ماننے کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری ہیلتھ نے معاون خصوصی ظفر مرزا کا غیر قانونی حکم ماننے سے انکار کیا تھا۔
ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا کہ گریڈ 19 کے افیسر ڈاکٹر رضوان حمید کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کا چارج دینے کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔
سیکرٹری صحت کی جانب سے حکمنامہ معطل کرتے ہوئے 9 اگست کو جاری نوٹیفیکیشن بحال کر دیا گیا ہے۔