اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی سوشل میڈیا پر متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کی جانب سے سوشل میڈیا کانفرنس کل اتوار کو لاہور میں ہوگی۔ پیپلز سیکریٹریٹ لاہور میں پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کانفرنس کا انعقاد کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق تین نشستوں پر مشتمل کانفرنس میں صحافی، کالم نگار اور سوشل میڈیا کے ماہرین حصہ لیں گے۔ اختتامی بیٹھک سے سیکریٹری اطلاعات پی پی پی پارلیمنٹیرینز ڈاکٹر نفیسہ شاہ خطاب کریں گی۔
رہنما پیپلز پارٹی حسن مرتضی کا کہنا ہے کہ کانفرنس پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا سے ہم آہنگ ہونے کیلئے منعقد کی جا رہی ہے۔ پی پی پی نے ہمیشہ کارکنوں کو اعلیٰ اخلاقی اقدار کی تربیت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ جیالے گالم گلوچ کے سیاسی کلچر سے دور ہیں۔عمران خان اپنی سوشل میڈیا ٹیم کو مخالفوں کی ذاتیات پر حملے کرنے کیلئے اکسا رہے ہیں۔
حسن مرتضی کا کہنا ہے کہ گلم گلوچ کے سیاسی کلچر میں بھی ہم نظریاتی سیاست کو پروان چڑھائیں گے۔