سعودی ولی عہد شہزادہ ’ایمیزون کے بانی کا فون ہیک کرنے میں ملوث‘


سعودی ولی عہد شہزادے محمد بن سلمان مبینہ طور پر ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کا موبائل فون ہیک کرنے میں ملوث پائے گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جانب سے کی گئی انکوائری رپورٹ کے مطابق ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کے سیل فون کو 2018 میں وٹس ایپ میسج کے ذریعے ہیک کیا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کی انکوائری رپورٹ جسے بدھ کے روز شائع کی جائیگی میں کہا گیا ہے کہ ہیک کرنے کے لیے استعمال ہونے والا وٹس ایپ نمبر اور اکاؤنٹ کا تعلق مبینہ طور پر شہزادہ محمد بن سلمان سے تھا۔

اقوام متحدہ سے انکوائری کا مطالبہ کرتے ہوئے ایمیزون کے بانی نے الزام عائد کیا تھا کہ سعودی حکومت نے ان کے خلاف سائبر حملے شروع کردیے ہیں اور ان کا موبائل فون ہیک کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے اہلکار ڈیوڈ کیئی کا کہنا ہے کہ بیزوس کے موبائل فون کو میلوائیر سے متاثر کیا گیا تھا اور یہ پیغام شہزادہ سلمان کے فون اور نمبر سے بیجا گیا تھا۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق موبائل فون پر چیٹنگ کے دوران  محمد بن سلمان نے مبینہ طور جیف بیزوس کے نمبر پر متاثرہ ویڈیو فائل بھیجی تھی اور ان کے موبائل فون سے مبینہ طور پر بڑی مقدار میں اہم ترین ڈیٹا چرایا تھا۔

ایمیزون کے بانی جو کہ واشنگٹن پوسٹ کے بھی مالک ہیں نے الزام لگایا تھا کہ سعودی صحافی جمال خشوجی کے قتل کے بعد ان کے اخبار کی جانب سے بےلاگ رپورٹنگ اور کوریج کے بعد سعودی حکام ان کو ذاتی طور پر نقصان ہہنچانا چاہتے تھے اور ان پر سائبر حملے شروع کیے گئے۔

اقوام متحدہ کی متوقع رپورٹ پر جیف بیزوس کے ترجمان جے کارنے نے موقف دینے سے انکار کیا ۔ اقوام متحدہ کی انکوائری آفیسر ایگنیس کالمارڈ نے موقف دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بدھ کی صبح انکوائری کے تفصیلی نتائج جاری کریں گی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے تاہم ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے جیف بیزوس کا فون ہیک نہیں کیا اور نہ ہی ڈیٹا چرایا ہے۔

واشنگٹن میں واقع سعودی سفارت خانے نے متوقع  رپورٹ پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ ’’جیف بیزوس کے موبوئل ہیک کرنے کے حوالے سے حالیہ میڈیا رپورٹس لغو اور بے بنیاد ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں ہے‘‘۔


متعلقہ خبریں