فواد چوہدری کا عثمان بزدار کو عہدہ چھوڑنے کا مشورہ


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو عہدہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔

ایک انٹرویو کے دوران فواد چوہدری نے پنجاب سمیت صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ اپنی کارکردگی پر وزرائے اعلیٰ کو خود جواب دینا جبکہ وزیراعظم عمران خان کسی وزیراعلیٰ کی کارکردگی کے جواب دہ نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عثمان بزدار پر تنقید کو عمران خان پر تنقید قرار دینا جاہلانہ بات ہے، پنجاب حکومت کی کارکردگی سے زیادہ تر وفاقی وزراء مایوس ہیں لیکن وہ بولتے نہیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا تھا کہ عثمان بزدار کو ہدف بنانے والے دراصل وزیراعظم عمران خان کو ہدف بنارہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کردار اور اداکار کا مقابلہ ہے، عثمان بزدار کردار ہیں ان سے پہلے اداکار تھے، عوام جانتے ہیں حقیقی خادم اعلیٰ کون ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ عثمان بزدار اپنی مدت پوری کریں گے۔

مزید پڑھیں: صوبوں کی کارکردگی پر فواد چوہدری کا وزیراعظم کو خط

دوسری جانب ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ وزیراعظم بارہا عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار عام آدمی کے نمائندے ہیں جبکہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ جب تک میں وزیراعظم ہوں عثمان بزدار ہی وزیراعلیٰ رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں مختلف آراء کا ہونا جمہوریت کا حسن ہے۔


متعلقہ خبریں