لاہور میں تین بچوں کے قتل کا معاملہ پراسرار ہو گیا

انیقہ کی جانب سے اپنا دوست قرار دیے گئے حسین کی تصویر - فوٹو ہم نیوز

انیقہ کی جانب سے اپنا دوست قرار دیے گئے حسین کی تصویر – فوٹو ہم نیوز


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تین معصوم بچوں کے قتل کا معاملہ مزید پراسرار شکل اختیار کر گیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے عسکری الیون میں اپنے ہی گھر میں مردہ پائے گئے تینوں بچوں کے قاتل کی نشاندہی نہیں ہو سکی ہے۔

ابتدائی اطلاع میں کہا گیا تھا کہ نامعلوم شخص نے گھر میں داخل ہو کر معصوم بچوں کو گلا دبا کر قتل کیا ہے۔ دوبچوں اور ایک بچی کی نعشیں ایک ہی پلنگ پر پائی گئی تھیں۔

واقعہ کے فوراً بعد پولیس نے بتایا تھا کہ بچوں کی ماں نشہ کرتی ہے، خدشہ ہے کہ تہرے قتل میں اس کا کردار ہو۔

تہرے قتل کے افسوسناک معاملے میں ہوئی تازہ پیش رفت نے صورتحال کو مزید الجھا دیا ہے۔

مقامی پولیس کے مطابق مقتول بچوں کی والدہ انیقہ نے اپنے حسین نامی دوست پر قتل کا الزام لگایا ہے۔ اس سے قبل انیقہ اپنے سابق شوہر قیصرامین کا نام بھی لے چکی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تفتیش جاری ہے تاہم خاتون کا کردار مزید مشکوک ہوتا جا رہا ہے۔

واقعہ کے بعد سامنے آنے والی تصویر میں انیقہ کے بازؤں پر زخموں کے نشانات نمایاں ہیں۔ یہ بات واضح نہیں ہو سکی کہ زخم انیقہ کے اپنے لگائے ہوئے ہیں یا اسے کسی اور نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔


متعلقہ خبریں