یوکرائن کا مسافر طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے گرا، پینٹاگون

یوکرائن کا مسافر طیارہ ایرانی میزائل لگنے سے گرا، امریکہ

فائل فوٹو


واشنگٹن: امریکہ نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران میں گرنے والا یوکرائن کا مسافر طیارہ ایران کا میزائل لگنے سے تباہ ہوا۔

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے مطابق طیارہ روسی ساختہ ایس اے 15 میزائلوں سے گرایا گیا اور ایرانی ریڈار سگنلز کو جیٹ لائنز پر لاک کرتے دیکھا گیا۔

امریکی میڈیا نے طیارے کو میزائل لگنے کی مبینہ ویڈیو بھی جاری کر دی ہے۔ دوسری جانب کینیڈا اور دیگر یورپی ممالک بھی خفیہ رپورٹس کی بنیاد پر دعویٰ کر رہے ہیں کہ مسافر طیارہ  میزائل لگنے سے حادثے کا شکار ہوا۔

ذرائع یوکرائن حکومت کے مطابق اس بات کا قوی امکان ہے کہ مسافر طیارہ میزائل لگنے سے تباہ ہوا تاہم تفتیش کاروں نے اس کے متعلق حتمی رپورٹ جاری نہیں کی۔

ایران نے امریکی دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واشنگٹن کی ایک تحقیقاتی ایجنسی کو شامل تفتیش ہونے کا کہا ہے۔ امریکہ کے نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ(این ٹی ایس بی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے سے سامنے آنے والی دیگر معلومات پر بھی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ این ٹی ایس بی نے رائٹرز کو بتایا کہ ان کی ایک ٹیم تہران میں مسافر طیارہ تباہ ہونے کی تفتیش میں شامل ہوگی۔

خیال رہے کہ دو روز قبل ایران کے دارالحکومت تہران سے یوکرائن جانے والا مسافر طیارہ اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد حادثہ کا شکار ہوگیا تھا۔

طیارہ امام خمینی ائرپورٹ سے ٹیک آف کے کچھ دیر بعد گر کر تباہ ہوا جس میں سوار تمام 179 مسافر ہلاک ہوگئے تھے۔ بین الاقومی خبر ایجنسی کے مطابق  مسافر طیارے میں ایران، کینیڈا، سویڈن اور یوکرائن کے شہری سوار تھے۔

 


متعلقہ خبریں