پیپلز پارٹی نے پھر راولپنڈی آنے کا فیصلہ کر لیا، بلاول بھٹو زرداری


لاہور: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج کے پاکستان میں عوام آزاد نہیں ہیں انہیں فیصلہ کرنا ہو گا کہ کیا سلیکٹڈ کا غلام بننا ہے ؟ پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر راولپنڈی آنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں اور عوام کو فیصلہ کرنا ہے کہ کیا انہیں سلیکٹڈ کا غلام بننا ہے ؟ آج کے پاکستان میں عوام آزاد نہیں ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ عوام تو اپنی مرضی کے ٹوئٹ بھی نہیں کر سکتے بتایا جائے یہ کس قسم کی آزادی ہے ؟ آج کے پاکستان میں کٹھ پتلیوں کی سیاست ہوتی ہے۔ انگریزوں سے پاکستان اس لیے نہیں لیا تھا کہ کسی نیازی کے غلام بن جائیں۔ 2018 کے الیکشن نہیں بلکہ سلیکشن کی سیاست تھی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی سلیکشن کے خلاف آج سے نہیں بلکہ بہت پہلے سے احتجاج کر رہی ہے اور پیپلز پارٹی نے فیصلہ کر لیا ہے اور ہم پھر راولپنڈی آ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں ’سیاچن میں آزادی کے جھنڈے گاڑنے والے کو غدار کہنا سمجھ سے بالاتر‘

انہوں نے کہا کہ آج کے پاکستان میں عوام اور سیاست دونوں ہی آزاد نہیں ہیں۔ یہاں تو کسان احتجاج کرتے ہیں تو ان پر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیے جاتے ہیں۔ ہم اس ملک کو پھر سے بھٹو کا پاکستان بنا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں