ایم کیو ایم قیادت خواتین کو ہراساں کرتی رہی، ارم عظیم فاروقی


کراچی:ایم کیو ایم کی سابق رہنما ارم عظیم فاروقی نے عامر خان اور خالد مقبول صدیقی پر الزام لگایا ہے کہ وہ پارٹی خواتین کی عزت نہیں کرتے ہیں۔

اپنے ایک ویڈیو بیان میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ میں جب بھی پارٹی کے دفتر جاتی تو عامر خان مجھے گھورتے تھے اور مجھ سے بات کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ جس کی شکایت میں نے رکن رابطہ کمیٹی حیدر عباس رضوی سے بھی کی تھی۔

ارم عظیم فاروقی نے عامر خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم بے شرم انسان ہو۔ جس دن تم میرے سامنے آگئے میں تمہیں تمہاری اوقات یاد دلا دوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ کراچی میں مقیم ہیں، کسی سے نہیں ڈریں گی۔ عامر خان مجھے شروع سے ہی پسند نہیں تھا۔

ارم عظیم فاروقی نے خالد مقبول صدیقی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام لگایا کہ جب وہ امریکا میں رہائش پذیر تھے تو اُن کا اپنا گھر نہیں تھا اور وہ جس گھر میں رہتے تھے اُن کی جوان بچیوں کو دیکھ کر رشتہ مانگ لیتے تھے۔ خالد مقبول صدیقی کی شادی بھی اسی طرح ہوئی تھی وہ پارٹی کارکن کو باجی بولتے تھے اور پھر اسی باجی سے شادی بھی کرلی۔

ارم عظیم فاروقی نے کہا کہ پارٹی کے کارکنان نے بہت عزت اور پیار دیا لیکن یہ پارٹی رہنما باجیوں پر گندی نظریں رکھتے ہیں۔ میں ان کے چہروں سے نقاب اتارتی رہوں گی۔

ارم عظیم فاروقی نے ایم کیو ایم کو خیر باد کہہ کر گزشتہ سال اگست میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی تاہم تحریک انصاف کو بھی دو ماہ بعد اکتوبر میں چھوڑتے ہوئے سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا تھا۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد ایک ٹوئٹر صارف نے ان سے پوچھا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کیوں چھوڑی؟ جواب میں رکن سندھ اسمبلی کا کہنا تھا کہ “گلالئی اور۔۔۔۔۔”۔


متعلقہ خبریں