پولیس نے زبردستی اٹھائی گئیں جیکٹس ریڑھی والے کو واپس کردیں


راولپنڈی: سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنے والی راولپنڈی پولیس نے ریڑھی بان سے زبردستی چھینی گئیں جیکٹس واپس کردیں۔

گزشتہ روز راولپنڈی ٹریفک پولیس کے عملے نے  چاندنی چوک پر ریڑھی بان ظاہر خان سے جیکٹس زبردستی اٹھائی تھیں۔ پولیس کی جانب سے اٹھائی گئیں جیکٹس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس نے واقع کا نوٹس لیا تھا۔

سی پی او راولپنڈی نے آج چاندنی چوک پر جا کر متاثرہ ریڑھی بان سے ملاقات کی اور ٹریفک سٹاف کی طرف سے اٹھائی گئیں جیکٹس متاثرہ شخص ظاہر خان کو واپس کردیں اور اس سے معذرت بھی کی۔

پولیس ذرائع کے مطابق سی پی او نے گزشتہ شب معاملہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹریفک انسپکٹر اور سٹاف کو معطل کر دیا تھا۔ سی پی او راولپنڈی نے معطل ٹریفک اسٹاف کے خلاف محکمانہ کاروائی کےاحکامات بھی جاری کردیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب پولیس :نئے آئی جی سے جرائم کی شرح چھپانے کے لیے انوکھا حربہ

سی پی او راولپنڈی محمد احسن یونس نے کہا کہ کوئی بھی پولیس آفیسر اور اہلکار اپنی حدود سے تجاوز اور اختیارات کا ناجائز استعمال نہیں کرے گا، یہ قطعاً ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پی پنجاب کی ہدایات کے مطابق محکمہ پولیس میں کالی بھیڑوں کا سخت محاسبہ ہو گا۔ جس طرح راولپنڈی پولیس کا کمانڈر ہوں اسی طرح عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کا ذمہ دار بھی ہوں۔


متعلقہ خبریں