کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اپ سیٹ شکست، قلندرز نے میدان مار لیا


شارجہ: پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل تھری) کے 26ویں میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو17 رنز سے ہرا کر مسلسل تیسری فتح اپنے نام کر لی ہے۔

شارجہ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر169 رنز بنا سکی۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/974010678565593088

کوئٹہ کی اننگ کا آغاز کرنے جیسن رائے اور شین واٹسن میدان میں آئے تواوپنر بلے بازوں نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔

دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 52 رنز بنائے۔

پہلی وکٹ شین واٹسن کی گری۔  وہ 12 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

اوپنر بلے باز کے آؤٹ ہونے کے بعد  ٹاپ آرڈر بیٹسمین زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے۔ 92 کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ نے چار اہم وکٹیں کھو دیں۔

جیسن رائے 36ِ، کیون پیٹرسن 11، رمیز راجا سات اور انور علی چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ریلے روسو نے بالرز کے سامنے مزاحمت کی لیکن 120 کے مجموعی اسکور پر میکلینگن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 22 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے پانچ چھکوں کی مدد سے 42 رنز بنائے۔

کپتان سرفراز احمد نے ریلے روسو کے بعد محمد نواز کے ساتھ مل کر کھیل کو ٹارگٹ کے قریب لے جانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہ ہو سکے۔

کپتان سرفراز احمد28 اورمحمد نواز 19 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

قلندرز کی جانب سے سنیل نارائن اور یاسر شاہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پہلی اننگ 

قبل ازیں لاہور قلندرز نے کوئٹہ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر186 رنز بنائے۔

میچ کے آغاز میں قلندرز اوپنرز فخر زمان اور اینٹن ڈیوسیچ میدان میں آئے تو حسب روایت پہلی وکٹ کی شراکت میں 5 اوورزمیں 43 رنز بنائے۔

قلندرز کی پہلی وکٹ 43 کے مجموعی اسکور پر گری۔

اوپنر اینٹن ڈیوسیچ 17 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ دس رنز کے اضافے کے بعد گری جب آغا سلمان ایک رن بنا کر میر حمزہ کی گیند کا شکار بنے۔

کپتان برینڈن میکلم، فخر زمان کا ساتھ دینے میدان  میں آئے اور ٹوٹل میں کوئی قابل ذکر اضافہ کیے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 11 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف پانچ رنز بنائے۔

قلندرز کو چوتھا اور بڑا جھٹکا 141 کے مجموعی اسکور پر لگا جب فخر زمان 94 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

انہوں نے 50 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ چھکوں اور نو چوکوں کی مدد سے اپنی اننگ مکمل کی۔ فخر زمان نے مین آف دی میچ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے گلریز صدف 42 اور سنیل نارائن 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ کی جانب سے انور علی، راحت علی، میر حمزہ اور حسان خان نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔


متعلقہ خبریں