بالی وڈ اداکار نریندر جھا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے


ممبئی: ’رئیس‘، ’حیدر‘ اور ’کابل‘ فلم کے 55 سالہ اداکار نریندر جھا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔

خاندانی ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اداکارکی موت اُن کے فارم ہاؤس میں ہارٹ اٹیک کے باعث ہوئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر جھا موت سے قبل ممبئی کے فارم ہاؤس میں اپنی اہلیہ پنکج ٹھاکر کے ہمراہ مقیم تھے۔ پنکج ٹھاکربھارتی سینسر بورڈ کی سابقہ سربراہ رہ چکی ہیں۔

کچھ عرصہ قبل دل کی تکلیف کے باعث اداکار ممبئی کے کوکیلابن اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

نریندر جھا 28 اپریل 1962 کو ریاست بہار کے شہر مدھوبنی میں پیدا ہوئے۔ ٹی وی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے نریندر نے دو درجن سے زائد فلموں اور 70 ٹی وی سیریلز میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔

ٹی وی پر ’بیگوسرائی‘، ’ایک گھر بناؤں گا‘ اور ’چہرا‘ جیسے ڈراموں سے شہرت حاصل کی۔ 2012 میں ’فن ٹوش‘ سے بالی وڈ کی نگری میں قدم رکھا اور فلم حیدر میں ڈاکٹر ہلال میر کے کردار سے شہرت حاصل کی۔

فلم ’فورس 2‘، ’موہنجوداڑو‘ اور ’ہماری ادھوری کہانی‘ میں معاون اداکار کے طور پر شائقین کو متاثر کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ٹی وی اور فلم نگری کے ستاروں نے نریندرجھا کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔


متعلقہ خبریں