اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی خواجہ آصف نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت تمام آرڈیننس واپس لے گی اور کمیٹی ان آرڈیننسز کا جائزہ لے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی تھی مگر اب ہم اس تحریک کو واپس لینے کا اعلان کرتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد واپس لینا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی عددی اکثریت کا کئی بار اظہار کر چکے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدے متنازع ہوں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ جس نظریے پر ووٹ لے کر آئے ہیں اس سے ایک انچ نہیں پیچھے ہٹنا، اپوزیشن بھی اپنا نکتہ نظر بیان کرے یہ ان کا حق ہے۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے اجلاس کے دوران کہا کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ جن پیسوں کی باہر منی لانڈرنگ ہوئی اس کی ریکوری کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیسے صرف سیاستدانوں نے ہی نہیں باہر بھجوائے عام لوگوں نے بھی منی لانڈرنگ کی ہے۔
سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن نے ایوان میں معاملات بہتر کرنے کی کوشش کی ہے، حکومت پر تنقید اپوزیشن کا حق ہے۔