اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کی صحت کو خطرہ ان کے خاندان اور مسلم لیگ ن سے ہے، لگ رہا ہے کہ وہ جاتی امرا میں محفوظ نہیں ہیں، وہ جیل میں اس سے زیادہ محفوظ تھے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف سیکیورٹی بانڈ دینے کو تیار نہیں ہیں، مسلم لیگ ن کو آج ہی عدالت چلے جانا چاہیے تھا لیکن نوازشریف کی بیماری کے معاملے پر یہ لوگ سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ آصف زرداری اور نوازشریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، ان کے حامی ان کی جگہ لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خواجہ آصف کے خلاف تحریک استحقاق لانے کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی نے کہا کہ انہوں نے نواز شریف سے متعلق جھوٹا بیان دیا ہے، ایوان میں کسی کو جھوٹ نہیں بولنا چاہیئے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف کی صحت کو خطرات لاحق ہیں لیکن اسمبلی میں تقاریرکر کے وقت ضائع کیا جا رہا ہے، وفاقی کابینہ نے نوازشریف سے متعلق متوازن فیصلہ کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ نوازشریف کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں تاہم شریف خاندان انہیں بیرون ملک جانے سے روک رہا ہے۔
فواد چوہدری نے تجویز پیش کی کہ نواز شریف کی صحت پر پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جس میں روزانہ کی بنیاد پر ان کی صحت کا جائہ لیا جائے۔
مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے متعلق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کے احتجاج سے مذبی سیاست کو نقصان پہنچا ہے، ان کے ساتھ آنے والے کافی لوگ جوکر تھے۔