یونائیٹڈ نے سلطانز کو شکست دے دی


شارجہ: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل تھری) کے 25ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو 33 رنز سے شکست دے دی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے دیے گئے 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز کی پوری ٹیم19.1 اوور میں 152 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

سلطان اوپنرز میدان میں آئے تو صرف دو رنز کے مجموعی اسکور پر دو اہم وکٹیں گنوا دیں۔ اوپنر سنگا کارا ایک اور سیف بدر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

دونوں بلے باز سمیت پاٹیل کی گیندوں کا نشانہ بنے۔

سلطانز کو تیسرا اور چوتھا جھٹکا 20 کے مجموعی اسکور پر لگا۔ احمد شہزاد تین اور صہیب مقصود 13 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔

کیرن پولارڈ نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر ذمہ دارنہ بیٹنگ جاری رکھی لیکن کپتان بلے باز 50 کے مجموعی اسکور پر 12 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند کا شکار بنے۔

سلطانز کی اہم وکٹ 142 کے مجموعی اسکور پر گری جب کیرن پولارڈ 74 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ پولارڈ نےچھ چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 47 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے اپنی اننگ مکمل کی۔

راس ویٹلے 11، سہیل تنویر اور عمر گل 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

یونائیٹڈ کی جانب سے سمیت پاٹیل، فہیم اشرف ، عماد بٹ اور شاداب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میچ کے آغاز میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چاروکٹوں کے نقصان 185 رنز بنائے۔

اننگ کا آغاز کرنے اسلام آباد کی ٹیم میدان میں آئی تو اوپنر بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 46 رنز بنائے۔

اسلام آباد کی جانب سے پہلی وکٹ جے پی ڈومینی کی گری۔ اوپنر بیٹسمین 12 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے چھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد کو دوسرا نقصان 91 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب لیوک رونکی 58 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

رونکی نے 36 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے  تین چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے اننگ مکمل کی اور ٹاپ اسکورر رہے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی الیکس ہیلز تھے جو 46 رنز بنا کر عمر گل کی گیند پر صہیب مقصود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

حسین طلعت نے آصف علی کے ساتھ مل کر کھیل کو آگے بڑھایا لیکن حسین 36 رنز بنا کر عمر گل کا اگلا شکار بنے۔

آصف علی 17 اور فہیم اشرف 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سلطانز کی جانب سے عمر گل نے دو کھلاڑیوں کو میدان سے باہر کی راہ دکھائی۔ عمر نے چار اوور میں 36 رنز دیے۔

راس وائٹلے ملتان کے مہنگے ترین بالر رہے۔ انہوں نے چار اوورز میں 45 رنز دیے


متعلقہ خبریں