پنجاب میں گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان

خیبر پختونخوا کے اسکولوں میں طالبات کیلئے پردہ لازمی کرنے کا فیصلہ

فوٹو: فائل


لاہور: ابتدائی تعلیم کے اداروں میں سب سے زیادہ طلبہ رکھنے والے پاکستانی صوبے پنجاب نے گرمیوں کی چھٹیوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے آئندہ موسم گرما کے لئے چھٹیوں کے شیڈول میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔

نئے شیڈول یا نظام الاوقات کے تحت سرکاری اورنجی اسکولوں میں چھٹیاں یکم جون کے بجائے آٹھ جون سے شروع ہوں گی۔

ابتدائی تاریخیں آگے بڑھانے کے باوجود چھٹیاں ختم ہونے کی تاریخ میں اضافے کے بجائے کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد تعطیلات 14 اگست کے بجائے دس اگست کو ختم ہوں گی۔

پنجاب کے محکمہ اسکول ایجوکیشن کے سیکرٹری اللہ بخش کے مطابق مئی میں موسم زیادہ گرم ہوا توشیڈول میں ردوبدل کیا جاسکتا ہے۔

گزشتہ چند برسوں سے پاکستان کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھی ہے۔ والدین اور طبی ماہرین شدید گرمی یا لو کے دوران بچوں کو گھروں میں ٹھہرانے کو ترجیح دیتے ہیں۔

پنجاب بھر کے اسکولوں کے نگران ادارے نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ رمضان المبارک میں اسکولوں کے اوقات صبح سات تا گیارہ بجے رہیں گے۔

توقع ہے کہ رواں برس یعنی 2018 میں رمضان المبارک کا پہلا روزہ 15 یا 16 مئی کو ہوگا۔


متعلقہ خبریں