کراچی : مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے دعوی کیا ہے کہ منڈیوں میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہے۔
آج کراچی میں صحافی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ کراچی میں ٹماٹر 17 روپے کلو دستیاب ہے، لوگ جھوٹ بول رہے ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ شیخ نے صحافی کے سوال پر کہا کہ کراچی کی سبزی منڈی میں ٹماٹر 17 روپے کلو مل رہا ہے، آپ جائیں جاکر چیک کریں۔
مشیر خزانہ کے اس جواب پر صحافی نے پوچھا کہ کونسی سبزی منڈی میں ٹماٹر 17روپے میں مل رہاہے ؟ تو عبدالحفیظ شیخ نے کہا ’ٹی وی پر چل رہا ہے‘، صحافی نے جواب دیا کہ ٹی وی پر تو 240 روپے فی کلو چل رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: نیا پاکستان: ٹماٹر ڈالر سے بھی مہنگا ہو گیا
واضح رہے کہ ٹماٹر کی قیمت نے ملک بھر میں خریداروں کو ایک نئی پریشانی میں مبتلا کرکے کر رکھ دیا ہے۔ آج میڈیا میں آنے والی خبروں کے مطابق کراچی میں ٹماٹر 260 روپے، اسلام آباد میں 200 روپے، لاہور میں 170، پشاورمیں 180 اور کوئٹہ میں 160 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے۔