سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت پر سخت تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حکومتی میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں آصف علی زرداری کی صحت کے متعلق رپورٹ کے بعد انتہائی ضروری تھا کہ فوری طور پر پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بٹھا دیا جاتا۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے کہا ہے کہ سابق صدر کے دل کے پاس کلاٹ موجود ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی کو سخت خطرہ لاحق ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سابق صدر کے معالجین کو ان تک رسائی دی جاتی مگر کئی ہفتے گزرنے کے باوجود نہ میڈیکل بورڈ بٹھایا گیا ہے اور نہ ہی ان کے ذاتی معالجین کو رسائی دی گئی ہے جس کی وجہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور ہمدردوں کو سخت تشویش اور بے چینی ہے۔
ایک بیان میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اس وقت آصف علی زرداری کو سخت نگہداشت کی ضرورت ہے اور خاندان کو بھی سخت تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بٹھانے میں تاخیر اور ذاتی معالجین کو رسائی نہ دینے کی وجہ سے سابق صدر زندگی کو سخت خطرہ ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ صدر آصف علی زرداری کی زندگی بچانے کے لئے فوری طور پر پرائیویٹ میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے اور ان کے ذاتی معالجین کو بورڈ میں شامل کیا جائے۔
سابق صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے کہا ہے کہ سابق صدر کے دل کے پاس کلاٹ موجود ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی کو سخت خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے کہا ڈاکٹروں کی طرف سے کہا جا رہا ہے کہ سابق صدر کی انجیوگرافی کرائی جائے مگر تاحال حکومت نہ تو پرائیویٹ میڈکل بورڈ بٹھا رہی ہے اور نہ ہی ماہر ڈاکٹروں سے معائنہ کرایا جا رہا ہے۔
عامر فدا پراچا نے کہا کہ حکومت کو علم ہے کہ سابق صدر کی شریانوں میں خون جم جاتا ہے جو جان لیوا ہوسکتا ہے مگر حکومت مجرمانہ طور پر آصف علی زرداری کی زندگی سے کھیل رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: نواز شریف اور آصف زرداری کو مولانا فضل الرحمان کی دعائیں لگ گئیں، شیخ رشید
سابق صدر کے ترجمان نے کہا کہ سابق صدر کے خاندان کو بھی بہت تشویش ہے کہ اتنی دیر کے باوجود ماہر ڈاکٹر کیوں نہیں فراہم کئے جا رہے ہیں۔