عالمی برادری ایران کے ایٹمی پروگرام کو مسترد کرے، امریکی وزیرخارجہ


ایران کی جانب سے جوہری معاہدے کی ایک اور شق سے دستبردار ہونے کے اعلان کے بعد امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کے ایٹمی پروگرام کو مسترد کرے۔

اپنے ایک ٹویٹ میں مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران اپنے فورڈو سینٹر میں جوہری سرگرمی بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے جو اس خد شے کو جنم دیتا ہے کہ وہ خود کو تیزی سے جوہری معاہدے سے باہر نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام عالم ایران کے اس بھتہ خوری کو مسترد کریں اور اس پر دباؤ بڑھائیں۔ عالمی برادری ایران پر دباو بڑھانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔

مائیک پومپیو کا ٹویٹ ایرانی صدر حسن روحانی کے اعلان کے جواب میں آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران اپنے زیر زمین فورڈو سنٹر میں لگیں سینٹریفیوجز مشینوں میں گیس بھرنے کا عمل بدھ سے دوبارہ شروع کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا جوہری معاہدے کی ایک اور شق سے دستبردار ہونے کا اعلان

یاد رہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے مابین ہونے والے 2015 کے جوہری معاہدے کے تحت ایران نے فورڈو سنٹر کو ایک جوہری، طبیعیات اور ٹیکنالوجی مرکز میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تھا، جہاں 1,044 سینٹریفوجز کی افزودگی کے علاوہ سنٹر کو دیگر مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں