سکھر: وزارت مواصلات مراد سعید کے دعووں کے باوجود سکھر تا ملتان موٹر وے یعنی ایم فائیو موٹروے کا افتتاح نامعلوم وجوہات کی بنا پر ایک بار پھر ملتوی کردیا گیا۔
بار بار تاخیر کا شکار ہونے والا اہم ترین سکھر تا ملتان موٹر وے پراجیکٹ کا افتتاح 5 نومبر کو ہونا تھا تاہم اس کے افتتاح کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
منیجر سیفٹی اینڈ انوائرمنٹ پراجیکٹ میجر بابر نے دعویٰ کیا کہ سکھر ملتان موٹروے کے افتتاح کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اگست میں وزیر مواصلات مراد سعید نے ایم فائیو موٹروے کا یکم اکتوبر کو باقاعدہ افتتاح کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
ملتان سکھرموٹروے ستمبر میں 2 روز آزمائشی بنیادوں پر کھولنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا، تاہم آزمائشی اعلان پر عملدرآمد بھی کسی حادثے کے خطرہ کے باعث ملتوی کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزارت مواصلات کی طرف سے ایم فائیو موٹروے مکمل ہونے کے دعوے دھرے رہ گئے
ذرائع کے مطابق ایم فائیو کا افتتاح اگست میں بھی موخر کیا جا چکا ہے۔ وزارت مواصلات کی سست روی اور غیر دلچسپی کے باعث ایم فائیو موٹروے کا افتتاح نہیں کیا جا سکا۔
اس سے قبل این ایچ اے ذرائع نے کہا تھا کہ ایم فائیو پر پٹرول پمپس اور سروس ایریاز ابھی تک تعمیر نہیں ہوئے اور نہ ہی تاحال موٹروے اسٹاف کی بھرتیاں مکمل کی جا سکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق آگ بجھانے کے آلات (فائر فائٹنگ)، صفائی، ریسکیو سروس، وہیکل ریکوری اور رسپانس مینجمنٹ کے لئے بڈرز کو کال بھی 18 ستمبر کو دی گئی تھی۔