پاکستان کا مودی کو فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار


اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

ہم نیوز کے مطابق بھارت نے نریندر مودی کے طیارے کےلیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی۔

اس حوالے سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے فیصلہ یوم سیاہ کے تناظر میں کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے پیش نظر اجازت نہیں دے سکتے۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن کو فیصلے سے باضابطہ آگاہ کر دیا۔

پاکستان، آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں کشمیری بھارتی قبضے اور جارحیت کے 72 برس مکمل ہونے کےخلاف آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

27 اکتوبر 1947 کو بھارتی غاضب افواج نے کشمیر پر زبردستی قبضہ کیا اورآج 72 برس مکمل ہونے کے بعد بھی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو کچلا جارہا ہے۔

بھارت نے کشمیری مسلمانوں کی مرضی کے خلاف ریاست پر قبضہ کرکے ظلمتوں کے نئے دور کا آغاز کر رکھا ہے جس کی مثال موجودہ انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔

رواں سال جون میں بھی بھارت کی جانب سے اپنے وزیراعظم کیلئے فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت طلب کی تھی تاہم اس موقع پر اجازت دے دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں