مریم نواز اسپتال میں رہ کر والد کی تیمارداری کرسکتی ہیں،وزیراعظم عمران خان

یہ بازی عشق کی بازی ہے جو چاہولگادو ڈر کیسا، مریم نواز کا ٹویٹ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ  مریم نواز اسپتال میں رہ کر والد کی عیادت کرسکتی ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں  وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اور متعلقہ حکام کو ہدایت کردی ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نعیم الحق نے کہا ہے کہ آج رات ہی شاید مریم نواز کو والد کے پاس منتقل کردیا جائے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلی پنجاب کو اس سلسلے میں اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

اس ضمن میں گورنر پنجاب کا بیان بھی سامنے آیا ہے ۔ چوہدری محمد سرور نے کہاوزیراعظم کی خواہش ہے کہ مریم نواز اپنے والد کے ساتھ اسپتال میں رہ کر ان کی تیمارداری کریں۔

واضح رہے کہ  مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کو آج صبح ہی اسپتال سے دوبارہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔ انہیں گزشتہ رات والد کی عیادت کے لئے پیرول پر رہائی دی گئی تھی ۔ مریم نواز نے اپنے والد کی عیادت کی اس دوران انکی طبیعت ناساز ہوئی تو انہیں بھی اسپتال میں داخل کرلیا گیا تھا۔

مریم نواز کی واپس جیل منتقلی پر ن لیگ کی جانب سے رد عمل میں کہا گیا ہے کہ حکومت بیماری پر سیاست کر رہی ہے، مریم نواز کے کچھ ٹیسٹ باقی تھے لیکن علاج روک کر انہیں دوبارہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ ناساز طبیعت کے باوجود مریم نواز کی صبح پانچ بجے جیل واپسی تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل واپسی کے وقت بھی ان کی طبیعت خراب تھی، ہائی بلڈپریشراور دل کی دھڑکن نارمل نہیں تھی۔ ڈاکٹرز نے ٹیسٹس کے بعد مریم نواز کو اسپتال داخل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کی طبیعت چند دن سے ناساز ہے اور ان کے طبی تجزیے کی رپورٹس ان کے بچوں اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کو فراہم نہیں کی جارہی تھیں۔

پارٹی کی ترجمان نے کہا کہ مریم نواز شریف کی اس انداز میں جیل واپسی پہلے سے بیمار نواز شریف کو مزید ذہنی اذیت پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مریم نواز کو اسپتال سے جیل منتقل کر دیا گیا


متعلقہ خبریں