لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے علاج کے لیے بیرون ملک جانے سے صاف انکار کردیا ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پہ چھوڑ دیا ہے۔
وزیراعظم کی نواز شریف کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت
ہم نیوز کے مطابق پی ایم ایل (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف اور خواجہ آصف سمیت پارٹی کے اہم رہنماؤں نے اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کی کہ وہ علاج کے لیے بیرون ملک جانے پہ رضامند ہوجائیں لیکن طویل مشاورت کے باوجود وہ سابق وزیراعظم سے اپنی بات نہیں منوا سکے۔
پی ایم ایل (ن) کے انتہائی ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز سے بات چیت میں دعویٰ کیا کہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پہ چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اپنے چھوٹے بھائی سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے کہا کہ وہ حکومت سے کسی بھی قسم کے ریلیف کے طلبگار نہیں ہیں۔
ہم نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نے کہا کہ وہ عدالت میں قانونی جنگ لڑتے رہیں گے۔
سابق وزیر دفاع اور پی ایم ایل (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ محمد آصف نے ہم نیوز کے مطابق کہا ہے کہ بیرون ملک جانے یا نہ جانے کا فیصلہ نواز شریف اور ان کا خاندان ہی کرسکتا ہے۔
مریم نواز شریف کو پیرول پر رہائی مل گئی
سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے حوالے سے گزشتہ روز ملک کے ایک سینئر صحافی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دعویٰ کیا تھا کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں وہ علاج کے لیے بیرون ملک چلے جائیں گے۔