سندھ ہائی کورٹ نے ‘بڑے’ نجی اسکولز کو فیس میں اضافے سے روک دیا


کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے چارنجی اسکولوں کو فیس میں اضافے اور لیٹ فیس چارجز کی وصولی سے روک دیا۔ ان اسکولوں میں بیکن ہاؤس اسکول سسٹم، فاؤنڈیشن پبلک، ہیڈاسٹارٹ اور سٹی اسکول شامل ہیں۔

عدالتی حکم کے مطابق جب تک حکومت کی جانب سے کوئی نئی پالیسی نہیں لائی جاتی اس وقت تک مذکورہ اسکول فیس میں اضافہ نہیں کرسکیں گے۔

عدالت کی جانب سے حکومت کے اس نوٹیفکیشن کو بھی کالعدم قراردے دیا گیا جس میں نجی اسکولوں کو پانچ فیصد فیس بڑھانے کی اجازت دی گئی تھی۔

گذشتہ برس 200 سے زائد والدین نے عدالت عالیہ میں درخواست دائرکی تھی کہ نجی اسکولوں کی جانب سے فیس میں بے حد اضافہ کردیا گیا ہے، جو ناقابل استطاعت ہے۔

والدین کی درخواست پرسندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ حکومت نجی اسکولوں میں فیس کے طریقہ کار کے لیے باقاعدہ پالیسی بنائے۔ پالیسی آنے تک یہ چاروں اسکول اپنی فیسوں میں اضافہ نہیں کرسکتے اور نا ہی لیٹ چارجز وصول کرسکتے ہیں۔

دوران سماعت والدین نے موقف اختیار کیا کہ ”اسکولوں کی جانب سے فیس واؤچرز بھی فراہم نہیں کیے جارہے ہیں۔ جس کا مقصد لیٹ فیس وصول کرنا ہے۔ ہم واؤچرز کے بغیر فیس کیسے جمع کرائیں۔”


متعلقہ خبریں