بلاول بھٹو کا مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دینے کا اعلان

حکومت کی ناکام پالیسیاں معیشت کو دفن کرنے کے درپے ہیں، بلاول

فائل: فوٹو


لاڑکانہ : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے کارکن مولانا فضل الرحمان کا ساتھ دیں گے، ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو گھر جانا چاہیے۔

سندھ کے شہر لاڑکانہ میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران بے روزگاری میں  اضافہ ہوا ہے۔ حکومت مسئلے کو حل کرنے کے بجائے حکومتی اداروں کو بند کرنا چاہتی ہے۔

وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے سرکاری نوکریوں کے متعلق بیان پر ان کا کہنا تھا کہ یہ بات حقیقت ہے اور یہی عمران خان کی پالیسی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سازش کے تحت اداروں سے لوگ نکالے جا رہے ہیں، معیشت کا یہ حال ہے کہ عوام بے روزگار ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا وژن روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے کیونکہ اسی طرح لوگ معیشت میں کردار ادا کریں گے، عوام کا خیال رکھنا اور روزگار دینا ریاست کی ذمہ داری ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وہ حکومت کے خلاف مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہیں، کل جماعتی کانفرنس میں فیصلہ ہوا تھا کہ تمام جماعتیں ضمنی انتخابات میں  ایک دوسرے کی مدد کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ ہیں، لاڑکانہ میں ہمارا مقابلہ تحریک انصاف اور جی ڈی اے سے ہے۔

بلاول بھٹو  نے کہا کہ سندھ حکومت نے رتوڈیرومیں ایچ آئی وی ٹریٹمنٹ سپورٹ سینٹر بنایا ہے جس میں متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جائے گا ۔

ان کا کہنا تھا کہ ایچ آئی وی بہت سنگین مسئلہ ہے، اس کے مریضوں کے لیے ٹرانسپورٹ کا بھی مسئلہ ہے جسے حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ متاثرہ افراد کے لیے مسلسل دوائی لینا بہت ضروری ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ حکومت یونیسیف اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، ایچ آئی وی سے متعلق ہر بچے کو آگاہی دینی ہو گی، ایچ آئی وی سے بچنے کے لیے آگاہی بہت ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیے: عوام دشمن حکومت کے خلاف کراچی سے کشمیر تک پہنچیں گے، بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ رتوڈیرو کا ٹریٹمنٹ سینٹرایک مثال بنے، مل کر کام کریں گے تو جلد ایچ آئی وی پر قابو پائیں گے۔


متعلقہ خبریں