احد چیمہ گرفتاری، چیف جسٹس نے افسران کو احتجاج سے روک دیا

فوٹو: فائل


لاہور:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے احد چیمہ کی گرفتار پر سرکاری افسران کو احتجاج سے روک دیا ہے۔

سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ( ایل ڈی اے ) سٹی ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اب کوئی افسر احتجاج نہیں کرے گا۔ جسے استعفیٰ دینا ہے وہ دے دے اور جسے طلب کیا جائے وہ تعاون کرے۔

جسٹس ثاقب نثار نے احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی سے قرارداد پاس ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تو قرارداد آجائے گی کہ سپریم کورٹ کسی کو طلب نہیں کرسکتا ہے۔

سپریم کورٹ نے احد چیمہ کے کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ قومی احتساب بیورو ( نیب ) کو کوئی بھی حراساں نہیں کرے گا۔ نیب کسی کو بھی طلب کرے تو وہ پیش ہو۔

چیف جسٹس نے ڈی جی ایل ڈی اے سے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت نجی کمپنیوں سے معاہدہ کیا گیا تھا۔

ڈی جی نے بتایا کہ ایل ڈی اے قوانین کے تحت چھ کمپنیوں سے معاہدہ کیا گیا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ زمین آور ترقیاتی کام تو ایل ڈی اے نے ہی کروانا ہیں۔ چیف جسٹس نے چھ کمپنیوں کے مالکان اور شئیر ہولڈرز کی تفصیلات طلب کرلیں، تفصیلات فراہم نہ کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آج کل احد چیمہ کہاں ہیں ؟

ڈی جی ایل ڈی اے کا کہنا تھا کہ احد چیمہ نیب کی تحویل میں ہیں۔ 2013 میں ہم نے ڈی ایچ اے کا ماڈل دیکھا اور اسے اختیار کرلیا تھا۔ اس وقت احد چیمہ ہی ڈی جی تھے۔

چیف جسٹس نے چیف سیکرٹری سے استفسار کیا کہ گریڈ 19 کی تنخواہ کیا ہوتی ہے اور احد چیمہ کل کتنی مراعات لیتے ہیں ؟

چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ گریڈ 19 کی تنخواہ ایک لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے اور یہ ساری مراعات ملاکر 15 لاکھ روپے سے زائد لے رہے تھے۔

عدالت نے احد چیمہ کا سروس پروفائل، تنخواہوں اور مراعات کا تمام ریکارڈ طلب کرتے ہوئے استفسار کیا کہ آج کل احد چیمہ کا نیا عہدہ کیا ہے ؟

ڈی جی ایل ڈی اے نے بتایا کہ اس وقت احد خان چیمہ قائد اعظم پاور پلانٹ کے سی ای او ہیں۔

عدالت نے پیرا گون سٹی کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔

نیب نے 21 فروری کو ایل ڈی اے کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سوسائٹی کی 32 کنال اراضی غیر قانونی طور پر الاٹ کرنے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام پر گرفتار کیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں