کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ جو بچیاں اچھی پوزیشن لائیں گی انہیں بیرون ملک اعلی تعلیم کے لیے بھیجا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، ہم نے ملک کی ترقی کے لیے تعلیم اور نوکری کے مواقع فراہم کرنا ہے اور ہم نے روڈ ٹرپ کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ بچیوں کو تعلیم مل سکے۔ سری لنکن عوام نے کٹھن حالات کا سامنا کرتے ہوئے تعلیم عام کی۔
انہوں نے کہا کہ جو بچیاں اچھی پوزیشن لائیں گی انہیں بیرون ملک اعلی تعلیم کے لیے اسپانسر کیا جائے گا ہم سب مل کر پاکستان کو کافی کچھ دے سکتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ 21 اکتوبر سے روڈ ٹرپ کا پہلا مرحلہ ملتان ہو گا اور ہم پورے پنجاب میں تعلیم کو فروغ دینے کے لیے سڑکوں پر آ رہے ہیں جبکہ اگلے 3 ماہ میں کشمیر، کوئٹہ اور فاٹا میں کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام ہے کہ وہ تعلیم کے لیے اقدامات کرے لیکن بدقسمتی سے فنڈز کی کمی کے باعث حکومت ایسے اقدامات نہیں کر رہی۔ ایک لڑکی کے پڑھنے سے پوری نسل تعلیم یافتہ ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں بلوچستان یونیورسٹی میں طلبا کو بلیک میل، ہراساں کرنےکا انکشاف
اس موقع پر جہانگیر خان نے کہا کہ دنیا بھر سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو بھرپور سپورٹ ملی ہے جبکہ روڈ ٹو ایجوکیشن مہم پنجاب سے شروع ہو گی اور شاہد آفریدی کی بیٹیاں بھی اس مہم کا حصہ بن گئی ہیں۔
جہانگیر خان نے کہا کہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں بطور صدر شاہد آفریدی فاؤنڈیشن سے منسلک ہوں، کام کی نیت ہونی چاہیے تاکہ لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔ شاہد آفریدی نے لالا نیشن 10 کا اعلان کر دیا ہے اور تعلیم عام کرنے کے لیے شاہد آفریدی برانڈ ایمبیسڈر ہوں گے۔