لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سچ کی سیاست کرتے ہیں اور جھوٹے دعوؤں کے قائل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باتوں سے نہیں عمل سے تبدیلی لا کر دکھائیں گے۔
وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو مکمل اختیار دے دیا
ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی غلام بی بی بھروانہ، سردار ریاض محمود خان مزاری، صوبائی وزیرمیاں خالد محمود، مشیر فیصل جبوانہ، اراکین صوبائی اسمبلی شیر اکبر خان، خرم اعجاز چٹھہ، عمر آفتاب ڈھلوں، محمد معاویہ، عابدہ بی بی، مومنہ وحید، محمد مامون تارڑ، سید یاور عباس بخاری، سعدیہ سہیل، محمد طارق تارڑ اور نذیر چوہان سمیت دیگر شامل تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی زندگیوں میں پائیداراورمثبت تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے نام لیے بغیر کہا کہ انتشار کی سیاست کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے دعویٰ کیا کہ پاکستان کے عوام کسی کو عدم استحکام پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قوم کو وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر غیر متزلزل یقین ہے۔
انہوں نے اراکین اسمبلی سے بات چیت میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی فورم پر مظلوم کشمیریوں کی ترجمانی کا فریضہ سر انجام دیا ہے۔
عثمان بزدار کو جانتا کون ہے؟ فواد چوہدری
ہم نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین اسمبلی سے ان کے حلقوں کو درپیش مسائل سے بھی آگاہی حاصل کی اور ساتھ ہی متعلقہ حکام کو فوری طور پران کے حل کے لیے احکامات بھی دیے۔
اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ہونے والی ملاقات میں چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز مواصلات و تعمیرات، اسپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ، اسکولز ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، ہاؤسنگ اور لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔