احد چیمہ کی گرفتاری پر نیب نے ہائی کورٹ میں جواب جمع کرادیا


لاہور:لاہور ہائی کورٹ نےاحد چیمہ گرفتاری کیس میں نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کے بعد سماعت سات مارچ تک کے لئے ملتوی کردی۔

جمعرات کو جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی ۔

نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پیراگون سٹی کی مینیجمنٹ کے خلاف شکایات موصول ہوئی تھیں۔

اسپیشل پراسیکیوٹر فیصل بخاری کے مطابق دس جنوری کو نیب نے تحقیقات شروع کی تھیں۔ 21 فروری کو چیئرمین نیب نے احد چیمہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے، اسی روز ملزم کو گرفتار کرکے احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت عالیہ کو بتایا کہ ملزم پانچ مارچ تک ریمانڈ پر ہے، دوران تفتیش ٹھوس شواہد سامنے آئے ہیں۔

فیصل بخاری کا موقف تھا کہ ملزم کے جسمانی ریمانڈ کے دوران ہائی کورٹ سے رجوع نہیں کیا جاسکتا ہے۔

نیب کے پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ احد چیمہ کی جانب سے دائر درخواست قبل از وقت ہے، اس لئے ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کی جائے۔


متعلقہ خبریں