لاہور بورڈ میں میٹرک کے سالانہ امتحان کا آغاز ہو گیا


لاہور: لاہور ثانوی تعلیمی بورڈ کے زیراہتمام میٹرک کے سالانہ امتحانات کا آغاز یکم مارچ سے ہو گیا ہے۔

لاہور تعلیمی بورڈ کے مطابق میٹرک امتحانات کے لئے 812 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں۔ رواں سال تقریباً دو لاکھ 34 ہزار بچے میٹرک کا امتحان دیں گے.

امتحانات کے پہلے روز پانچ پرچے لئے جائیں گے۔ صبح کے اوقات میں عربی، بزنس اسٹڈیز، کلاتھ اینڈ ٹیکسٹائل جب کہ شام  میں غذا وغذائیت اور جغرافیہ کے امتحان ہوں گے۔

بورڈ انتظامہ کا کہنا ہے کہ طالب علموں کی سہولت کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ تمام امتحانی سینٹرز میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ کسی بھی امتحانی مرکز میں طلباء یا اساتذہ کو بغیر شناخت کے داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے میٹرک کے سالانہ امتحانات سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے خصوصی مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ امتحانات کے دوران بوٹی مافیا اور نقل کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔

کنٹرولر امتحانات پروفیسر ناصر جمیل کا کہنا ہے کہ پوری شفافیت کے ساتھ تمام امور سر انجام دیئے گئے ہیں ۔

پنجاب بھرکے تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام کلاس نہم کے امتحانات 17مارچ سے شروع ہوں گے۔

 


متعلقہ خبریں