آزادی مارچ میں شرکت پر ڈاکٹروں کا یو ٹرن


پشاور: خیبر پختونخوا کے ہڑتالی ڈاکٹروں نے جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے آزادی مارچ میں شرکت کے بیان پر یو ٹرن لے لیا ہے۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس (جی ایچ اے) کے نمائندہ ڈاکٹر سجاد یوسفزئی کا کہنا ہے کہ ہمارا مینڈیٹ سیاسی نہیں ، مارچ میں شرکت نہیں کریں گے بلکہ شرکا کو طبی امداد فراہم کریں گے۔

نمائندہ جی ایچ اے کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا نصب العین انسانیت کی خدمت ہے اس پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

سجاد یوسفزئی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کے تعاون کے شکر گزار ہیں تاہم ہمارا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے، سیاسی جماعتیں غیر مشروط طور پر ہمارا ساتھ دے سکتی ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل خیبرپختونخوا کے ہڑتالی ڈاکٹروں نے جے یو آئی کے ’آزادی مارچ ‘کی حمایت اور اس میں بھرپورشرکت  کا اعلان کیا تھا۔

خیبر پختونخوا کے  ڈاکٹروں نے یہ اعلان ایک  وفد کے ہمراہ  صوبائی سیکرٹریٹ پشاور میں مولانا فضل الرحمن سے ملاقات میں کیا، اس ملاقات میں کے پی کے ڈاکٹرز نے جے یو آئی ف کے آزادی مارچ میں بھرپورشرکت کا اعلان بھی  کیا۔

پشاور سے جمیعت علمائے اسلام ف کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرنے والے ڈاکٹروں کے وفد نے اسلام اباد مارچ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اس اہم ملاقات میں پروفیسر ڈاکٹر موسی کلیم نے کہا تھا کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے تمام ڈاکٹرز احتجاج میں بھرپورشرکت کریں گے، ڈاکٹرز احتجاجی دھرنا کے دوران مارچ کی شرکاء کو علاج و معالجہ کی سہولت بھی فراہم کریں گے۔


متعلقہ خبریں