’فوج سے قلبی تعلق اب بھی قائم ہے ‘


اسلام آباد: مشہور زمانہ ڈرامہ ایلفا، براوو، چارلی میں گل شیر کا کردار ادا کرکے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے سید قاسم شاہ کا کہنا ہے کہ فوج سے قلبی تعلق اب بھی قائم ہے۔

ہم نیوز کے مارننگ شو صبح سے آگے میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کو خدا حافظ کبھی کہہ سکتا ہوں نہ کہوں گا، جب باضابطہ طور پر فوج چھوڑنے کا دن آیا تو آنکھوں میں آنسو آگئے۔

ایلفا، براوو، چارلی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سنہری دن میں کے بعد یہ ڈرامہ ملا۔ بوسنیا جاتے ہوئے جہاز میں سفر کے دوران شعیب منصور نے بتایا کہ گل شیر کا کردار تم نے کرنا ہے۔

اویس منگل والا اور شفا یوسفزئی سے گفتگو کے دوران قاسم شاہ نے بتایا کہ شہناز کے ساتھ ہوٹل والا مشہور زمانہ سین عکس بند کرانے میں تین راتیں لگیں، شہناز اور ویٹر کو بھی پشتو میں نے ہی سکھائی۔

’وزیرستان اور فاٹا پہ ایک ٹریول لاگ بنایا ہے‘

انہوں نے کہا کہ یہ واحد سین تھا جس کی ہدایات میں نے اور شعیب منصور نے مل کر دیں۔

ایلفا براوو چارلی کے گل شیر نے مزید کہا کہ ڈرامے کی شوٹنگ تین سال کے عرصہ میں ہوئی اور اسی دوران میں رشتہ ازدواج میں منسلک بھی ہوگیا۔

لڑکیوں کی کالز آنے کے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ گھر کے نمبر پر لڑکیوں کی کالز آتی تھیں جس کی وجہ سے میری اہلیہ کی لڑکیوں سے لڑائی بھی ہو جاتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس ڈرامے کی بدولت لوگ آج بھی گھر کے فرد کی طرح پیار کرتے ہیں، ایک بار ایک بیکری کے باہر گاڑی کھڑی کرکے ہوٹل چلا گیا، واپس آیا تو بیکری کا سارا عملہ میرے لیے ایک بڑے سے گفٹ پیک میں مٹھائی لیے کھڑا تھا۔

نجی زندگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے قاسم شاہ نے بتایا کہ میں ٹیلی کام انجینئر ہوں اور اسی شعبے میں اب کام بھی کر رہا ہوں، میرے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں، ایک بیٹا فوج میں شمولیت کا ارادہ رکھتا ہے،۔

آئندہ پراجیکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیرستان اور فاٹا پہ ایک ٹریول لاگ بنایا ہے، دیکھیں وہ کب منظرعام پر آتا ہے۔

فوج اور اداکاری کو بہت مس کرتا ہوں

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ فوج اور اداکاری دونوں کو بہت مس کرتا ہوں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ گل شیر کے کردار کو زندہ رکھنے اور اس کردار سے منسلک اپنی یادوں کو محفوظ رکھنے کے لیے کوئی حکمت عملی بنانے کا  ارادہ رکھتا ہوں۔

ڈرامہ سیریل عہد وفا میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے ڈی جی آئی ایس پی آر کے کتے زورو کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ میجر جنرل آصف غفور کا اس ڈرامے میں زورو کو بھیجنے کا مقصد جانوروں سے محبت کا پیغام پھیلانا ہے۔

ایلفا براوو چارلی کے گل شیر نے کہا کہ فوج اپنانا اور وطن سے محبت کرنا سکھاتی ہے اور یہ سب کو سیکھنی چاہیے۔

قاسم شاہ نے گفتگو کے اختتام میں پیغام دیا کہ یہ ملک بہت مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد حاصل ہوا ہے، کسی بھی ذاتی فائدے کے لیے اس کو نقصان نہ پہنچائیں۔


متعلقہ خبریں