کراچی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ بارش سبب منسوخ ہو گیا ہے۔
میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر تین بجے شروع ہونا تھا تاہم تیز بارش کے سبب ٹاس بھی نہیں ہو پایا۔
کراچی میں تیز بارش کے سبب نیشنل اسٹیڈیم کا داخلی راستہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا اور آوَٹ فیلڈ میں بھی پانی جمع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پاک سری لنکا سیریز کا دوسرا میچ بھی بارش کے سبب متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں موجود ہیں جبکہ مسلسل بارش کے باعث نیشنل اسٹیڈیم کےمیڈیا باکس کی چھت ٹپک رہی ہے۔
دوسری جانب میچ کی سیکیورٹی کےلئے انتہائی جامع انتظامات کئے گئے ہیں، پانچ ہزار سے زیادہ پولیس اور رینجرز اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
کراچی میں ہونے والے تمام مقابلوں میں اسٹیڈیم کے اندر کی سیکیورٹی رینجرز کے پاس ہوگی اور باہر کے انتظامات پولیس کے سپرد ہوں گے میچ سے تین گھنٹے قبل اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکیں بند کر دی جائیں گی۔
سیریز کے دوران ٹریفک پولیس کے دو ہزار اہلکار ڈیوٹی دیں گے، شائقین کرکٹ پارکنگ ایریاز سے ایکسپو سینٹر پارکنگ ایریا میں پہنچے گے۔ ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر دو سے اسٹیڈیم کے اندر جانے کے لئے شٹل سروس چلے گی۔