عامر مسیح کیس: مزید دو پولیس اہلکار گرفتار

عامر مسیح کی تشدد سے ہلاکت: مزید دو پولیس اہلکار گرفتار

فائل فوٹو


لاہور: تشدد سے ہلاک ہونے والے عامر مسیح کے کیس میں مزید دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق سابق انچارج انویسٹی گیشن ناصر بیگ اور کانسٹیبل عنصر کو گرفتار کر کے پانچ روزہ ریمانڈ پر سی آئی اے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے دیگر ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس اہلکاروں نے عامر مسیح کو کینٹ کے ایک اسپتال میں چھوڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی تھی۔ شدید زخمی حالت میں اسپتال پہنچائے گئے زیر تفتیش ملزم کو ایک گھنٹے بعد وہیل چیئر پہ بٹھا کرباہر لایا گیا اور پھرایک گاڑی میں بٹھا کر واپس لے جایا گیا تھا۔

سی سی ٹی وی فوٹیجز کے مطابق دو پولیس اہلکار عامر مسیح کو موٹر سائیکل پہ بٹھا کر اسپتال لائے اور جب اسے اتارا گیا تو وہ زمین پہ گرگیا کیونکہ کھڑے ہونے کے قابل نہیں تھا۔

پنجاب پولیس کے اہلکاروں نے عامر کو زمین پہ گرنے کے بعد اسے اٹھانے کے لیے سہارا دینے کے بجائے ٹھڈے مارے اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

آئی جی پنجاب نے اس قتل کا نوٹس لیا تھا جس کے بعد ایس پی انوسٹی گیشن کو عہدے سے ہٹا کر تنفیشی افسر ذیشان سمیت پانچ پولیس اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں