پشاور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ مدارس میں پڑھنے والے 25 لاکھ سے زائد بچے ریاستی وسائل پر حق رکھتے ہیں۔
وہ وزیراعلی کے پی کے پرویز خٹک کی جانب سے خیبر پختونخوا میں مدارس کو قومی دھارے میں شامل کرنے کے حوالے سے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔
خیبرپختونخوا کے وزیراعلی نے انھیں بتایا کہ صوبائی حکومت نے جامع حقانیہ کو رقم کے بجائے انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ میں معاونت فراہم کی ہے اور اب بھی کیش کی صورت میں مدد فراہم کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔
وزیر اعلی نے آئندہ کے حکومتی عزائم کے حوالے سے کہا کہ مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کے پروگرام کو توسیع دینے کی تجویز زیر غور ہے۔
عمران خان نے ہدایت دی کہ صوبائی حکومت کے پروگرام سے منسلک ہونے والے مدارس کو خصوصی طور پر وسائل فراہم کئے جائیں۔
انھوں نے واضح کیا کہ وقت آگیا ہے کہ تعلیمی نظام میں مدارس کے بچوں کو معقول جگہ اور مناسب مقام فراہم کیا جائے۔
حکومتی طرزعمل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومتیں امیروں پر وسائل خرچ کررہی ہیں اور غریب عوام سمیت ان کے بچوں کے ساتھ رویہ مجرمانہ ہے۔