‘امریکہ سندھ پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے‘


کراچی: پاکستان میں  امریکی سفیر پال ڈبلیو جونز نے سندھ پولیس انسپکٹر جنرل سعد کلیم امام کے ہمراہ سعد آباد پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ کیا۔

امریکی سفیر کو پولیس اہلکاروں کو دوران ٹریننگ پڑھائے جانے والے نصاب کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ پولیس ٹریننگ سنٹر میں امریکی سفیر نے آتشیں اسلحہ سیمیولیٹرز کا مظاہرہ دیکھا۔

امریکی سفارت کار نے سعد آباد پولیس ٹریننگ کالج کے احاطے میں خواتین پولیس اہلکاروں کے لیے زیر تعمیر بیرکس کا بھی معائنہ کیا۔

امریکہ نے سندھ پولیس کے نصاب پروگرام، خواتین پولیس اہلکاروں کے لیے علیحدہ بیرکس اور دیگر پروگراموں کے لیے اب تک 3.35 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔

پولیس اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے کہا کہ سندھ  پولیس نہ صرف جرائم اور دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار ہے بلکہ وہ کمیونٹی کی خدمت اور صوبے کے مجموعی ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ سندھ میں پولیس ٹریننگ، ںصاب کی تشکیل اور دیگر پروگراموں میں تعاون پر فخر محسوس کرتا ہے اور پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

امریکہ نصاب کی تشکیل اور دیگر پروگرامز کے لیے سندھ پولیس کے لیے مدد فراہم کر رہا ہے۔ سفیر نے کہا کہ امریکہ چاہ رہا ہے کہ پاکستان کے حالات و واقعات کی روشنی میں پولیس نصاب تشکیل دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکہ پاکستان کے ساتھ نئے تعلقات کا خواہاں

امریکی تعاون سے مختلف پروگراموں کے زریعے اب تک 85,000 سے زائد پولیس اہلکار اور آفیسرز نے ٹریننگ حاصل کی ہے۔

2018 میں امریکہ بیورو آف انٹرنیشنل نارکا ٹکس نے سندھ پولیس کے مختلف  ٹریننگ سنٹرز کو 30 آتشیں ہتھیار سیمیولیٹرز فراہم کیے تھے۔

سندھ پولیس میں خواتین پولیس اہلکاروں کی تعداد کو بڑھانے کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے امریکی سفارتخانہ سعد آباد پولیس ٹریننگ سنٹر میں ان کے لیے الگ بیرکس بنا رہا ہے۔

امریکی سفیر نے سندھ پولیس کی ٹریننگ کے حوالے سے امریکی تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔


متعلقہ خبریں