دبئی: پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو20 رنز سے شکست دے دی۔
150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی پوری ٹیم 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی۔
میچ کے آغاز میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر149 رنز بنائے۔
What a #DeDhanaDhan start to the League @thePSLt20 … Victory in the first match of #HBLPSL3 against #QuettaGladiators …. Congratulations @Salman_ARY !!! Well Played Boys 😍@simadwasim @SAfridiOfficial @babarazam258 @iamamirofficial @ravibopara @tmills15 @CAIngram41 #KKvsQG pic.twitter.com/kQAxXFHdEC
— Karachi Kings (@KarachiKingsARY) February 23, 2018
کنگز کو پہلا جھٹکا 34 کے مجموعی اسکور پر لگا جب جو ڈینلے 14 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی بابر اعظم تھے۔ بابر دس رنز بنا کر راحت علی کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔
83 کے مجموعی اسکور پر خرم منظور 33 رنز بنا کر انور علی کی گیند پر اسد شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
تیسرے کھلاڑی کے آؤٹ ہونے کے بعد کولن انگرام نے روی بوپارا کے ساتھ مل کر کھیل کو محتاط انداز میں آگے بڑھایا۔ 131 کے مجموعی اسکور پر کولن انگرام، جوفرا آرچرکی گیند پر راحت علی کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
انگرام نے دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 21 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 41 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔
شاہد آفریدی روی بوپارا کا ساتھ دینے کو میدان میں آئے لیکن دونوں کھلاڑیوں میں شراکت داری قائم نہ ہو سکی۔ بوپارا 132 کے مجموعی اسکورپر انور علی کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
عماد وسیم میدان میں آئے تو مجموعی اسکور میں چھ رنز کا اضافہ کر کے چلتے بنے۔ کنگز کپتان جوفرا آرچر کی ہی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
عماد وسیم آؤٹ ہوئے تو شاہد آفریدی بھی “تو چل میں آیا ” کے مصداق پویلین لوٹ گئے۔ آفریدی نے آٹھ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے صرف چار رنز بنائے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے شین واٹسن نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
150 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی مشکلات کا شکار رہی۔
چار کے مجموعی اسکور پر گلیڈی ایٹرز کے دو کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
اوپنر بلے باز شین واٹسن اور اسد شفیق بالترتیب ایک اور دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ کی جانب سے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کیون پیٹرسن تھے جو 15 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔
رائلے روسو نے عمر امین کے ساتھ مل کو کھیل کو سنبھالا دیا لیکن روسو 45 کے مجموعی اسکور پر عماد وسیم ہی کی گیند کا شکار ہو گئے۔
کپتان سرفراز احمد میدان میں آئے لیکن شاہد آفریدی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو کر اننگ کا اختتام کیا۔ سرفراز سات رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔
کوئٹہ کی جانب سے آؤٹ ہونے والے چھٹے کھلاڑی عمر امین تھے جو محمد عرفان کی گیند پر شاہد آفریدی کو کیچ تھما کر آؤٹ ہو گئے۔
کوئٹہ کی ساتویں وکٹ 113 کے ٹوٹل پر گری۔ محمد نواز 30 رنز بنا کر عامر کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
کوئٹہ کی طرف سے حسن علی 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انور علی سات اور جوفرا آرچر پانچ رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔
کنگز بالر عماد وسیم، تیمل ملز اور محمد عرفان نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔