سینیٹ انتخابات، مسلم لیگ ن کے امیدوار آزاد حیثیت میں شریک ہوں گے


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے سینیٹ امیدواروں کو آزاد حیثیت میں انتخابات لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔ سینیٹ کی 52 نشستوں پر پولنگ تین مارچ کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن سیاسی جماعت کی حیثیت سے سینیٹ انتخابات سے آؤٹ ہوگئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کی جنرل نشست پر ن لیگ کے چوہدری عاطف فضل اور محمد اسد خان جونیجو جب کہ ٹیکنو کریٹ کی نشست پر مشاہد حسین سید آزاد حیثیت سے سینیٹ انتخاب لڑیں گے۔

پنجاب میں جنرل نشست پر مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر آصف کرمانی، رانا مقبول، رانا محمود الحسن، شاہین خالد بٹ، زبیر گل، ہارون اختر خان اور مصدق ملک آزاد حیثیت سے حصہ لیں گے۔

ٹیکنو کریٹ کی نشت پر اسحاق ڈار، نصیر احمد بھٹہ جب کہ خواتین کی مخصوص نشست پر نزہت صادق اور سعدیہ عباسی آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑیں گے۔

سندھ کی نشستوں پر سرفراز خان جتوئی مسلم لیگ ن کے واحد امیدوار ہیں جو اب آزاد حیثیت سے سینیٹ انتخاب لڑیں گے۔

بلوچستان کی جنرل نشست پر امیر افضل خان مندوخیل اور ٹیکنوکریٹ کی نشست پر نصیب اللہ بازئی اب آزاد امیدوار کی حیثیت سے حصہ لیں گے۔

خیبرپختونخوا کی جنرل نشست سے صابر شاہ، ٹیکنوکریٹ پر دلاور خان اور خواتین کی نشست پر رئیسہ داؤد آزاد حیثیت سے انتخاب لڑیں گے۔

ملک بھر میں سینیٹ کی 52 نشستوں پر پولنگ تین مارچ کو ہوگی ۔ چاروں صوبوں کی اسمبلیوں میں ہونے والی پولنگ میں سندھ اور پنجاب سے 12، 12 جب کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 امیدوار کا انتخاب عمل میں لایا جائیگا ۔


متعلقہ خبریں