اسلام آباد:حزب اختلاف کے رہنماؤں کے خلاف نکتہ چینی کرنے والے وزیراعظم عمران خان کی وفاقی کابینہ کے کئی ارکان بھی بیرون ملک اثاثوں کے مالک نکلے۔
الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں شامل پانچ وفاقی وزرا کے بیرون ملک اثاثے ہیں۔
ہم نیوز کے پاس دستیاب دستاویزکے مطابق اعظم سواتی کے بیرون ملک اثاثوں کی مالیت ایک ارب روپے سے زائد ہے۔
کراچی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر علی زیدی کے بھی ساڑھے 28 لاکھ درہم کے غیر ملکی اثاثے ہیں۔ علی زیدی کے غیر ملکی اثاثوں کی مالیت سوا 12 کروڑ روپے بنتی ہے۔
توانائی کے وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے یو اے ای میں سرمایہ کاری اور رہائشی ویزا بھی حاصل کر رکھا ہے۔
وفاقی وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم کے بیرونی اثاثوں کی مالیت 8کروڑ روپے ہے۔
ہاؤسنگ کے وفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ کے سوا 4 کروڑ روپے سے زائد اثاثے بیرون ملک ہیں۔
الیکشن کمیشن کی دستاویز کےمطابق وزیر اعظم عمران خان کے بھی پاکستان میں چار فارن کرنسی اکاؤنٹس میں لاکھوں ڈالرز اور ہزاروں پاؤنڈز موجودہیں۔
وزیر اعظم ایک غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس میں 3 لاکھ 31 ہزار ڈالرز موجود ہیں۔ عمران خان کے ایک اور اکاونٹ میں دو ہزار پاؤنڈز بھی موجود ہیں اور ان کے دونوں غیر ملکی کرنسی اکاؤنٹس پاکستانی بینکوں میں ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: ایف بی آر کے نوٹس پر ایک لاکھ افراد نے اثاثے ظاہر کردیے