لاہور: تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سیشن کورٹ میں فائرنگ قابل مذمت ہے، ایک ماہ میں دوواقعات کا ہونا افسوس ناک ہے۔
منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ حکومت جان بوجھ کرعدالتوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔ اگرعدالتیں محفوظ نہیں تو اندازہ لگا سکتے ہیں کہ معاملات کہاں ہیں۔ 1997 کو دہرایا جارہا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا ہےکہ مریم نواز کی نگرانی میں عدلیہ پرحملے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ پارلیمنٹ میں اداروں کے خلاف کسی بھی قسم کی بغاوت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ن لیگ نے پہلے بھی سپریم کورٹ پرحملہ کیا اوراب بھی سازش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف پہلے بھی پیش پیش تھے۔ پنجاب حکومت نے نیب کو ہرطرح کا ریکارڈ دینے سے انکار کردیا ہے۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ عابد باکسر کو شہباز شریف کی تحویل میں نہیں دینا چاہیے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے بکری کو شیر کے حوالے کردیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عابد باکسرکو وفاقی اور صوبائی حکومت کے کنٹرول میں نہیں دینا چاہیے بلکہ ان کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی جائے۔