دبئی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے تیسرے ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں جاری ہے۔
پی ایس ایل کی ٹرافی ہیلی کاپٹر کے ذریعے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں لائی گئی۔
تقریب رونمائی میں پی ایس ایل کی چھ ٹیموں کے کپتان سرفراز احمد، برینڈن میکلم، مصباح الحق، عماد وسیم، شعیب ملک اور ڈیرن سیمی نے شرکت کی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چئیرمین نجم سیٹھی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرنچائزمالکان کےبغیرپی ایس ایل کراناممکن نہیں تھا۔
اسلام آباد یونائٹڈ کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں پہلےسےزیادہ دلچسپ مقابلے ہوں گے۔
لاہور قلندرزکے کپتان برینڈن میکلم نے کہا کہ اس ایونٹ سےنوجوان کھلاڑی ابھرکے سامنےآئیں گے۔ امید ہے کہ ایونٹ کے مقابلے اچھے ہوں۔
کوئٹہ گلیڈیٹرزکےکپتان سرفرازاحمد نے کہا کہ اس بار پی ایس ایل ٹرافی جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔
کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کی قیادت کرنے پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔
ایونٹ میں پہلی بار شرکت کرنے والی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے نئے کھلاڑی سامنے آرہے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 فروری سے ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کے پہلے میچ میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔