کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ نےکہا ہے کہ فاروق ستار اور ان کے قائد نے کراچی کو بوری بند لاشیں دیں اور شہر تباہ کیا۔
دسویں کراچی یوتھ فیسٹیول میں پینٹنگز نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت میں انھوں نے ڈاکٹر فاروق ستارپر کڑی نکتہ چینی کی۔
صوبائی وزیر نے کنوینر پی آئی بی ایم کیو ایم کے حالیہ مطالبے کے حوالے سے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کے بیان سے لگتا ہے کہ چور کی ڈاڑھی میں تنکا ہے۔
کراچی کے امن کو پولیس اور رینجرز کی قربانیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پہلے پی ایس ایل کا فائنل ہوگا اور اس کے بعد فلم فیسٹیول منعقد ہو گا۔
سید ناصر حسین شاہ نے نوجوانوں کی پینٹنگز میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اسے خوش آئند قدم قرار دیا اور اس صمن میں آرٹس کونسل کی کاوش کو بھی سراہا۔