مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے نسل کشی کا خدشہ ہے، عامر خان


مظفرآباد: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پہنچ گئے ہیں۔

عامر خان نے چکوٹھی سیکٹر میں ایل او سی کی اگلی چیک پوسٹوں کا دورہ کیا اور عوام سے ملاقات کی۔ کشمیری عوام سے گفتگو میں انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

عالمی شہرت یافتہ برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ میں یہاں صرف کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرنے اور عالمی سطح پر ان کی آواز بننے کیلئے آیا ہوں، مجھے احساس ہے کہ ایل او سی کی دوسری جانب کیا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وحشیانہ بربریت کیخلاف کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے خاص طور پر برطانیہ سے آیا ہوں۔

باکسر عامر خان نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم بارس جانسن نے بھی مقبوضہ کشمیر میں اٹھائے جانے والے بھارتی اقدامات کی مذمت کی ہے۔ ساتھ ہی ساتھ برطانوی ارکان پارلیمان نے بھی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اہم شخصیات کو خطوط لکھے ہیں۔

عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مجھے لائن آف کنٹرول آنے سے منع کیا گیا تھا مگر میرا ارادہ مصمم تھا۔

میرا موقف تھا کہ لائن آف کنٹرول پر ہر صورت جاؤں گا کیونکہ آزاد کشمیر پرامن ہے اور یہاں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے مگر چکوٹھی کے اس پار مقبوضہ کشمیر میں حالات مخدوش ہیں اور معصوم کشمیریوں کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہتا ہوں جس طرح آزاد کشمیر میں امن ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھی ویسے ہی امن ہو۔ انتہا پسند ہندوستان امن کیلئے خطرہ ہے۔

دنیا کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کو پرامن خطہ بنائیں، میرے جذبات کشمیری عوام کے ساتھ ہیں۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کا کہنا تھا کہ واپس جا کر دنیا بھر کو بتاؤں گا کہ کشمیر کی کیا صورتحال ہے۔

کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عامر خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ تنہاء نہیں ہیں، میں ان کا ساتھ دیتا رہوں گا اور ان کی آواز بنا رہوں گا۔

انہوں پاکستانی اور بین الاقوامی نامور شخصیات سے اپیل کی کہ کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں اور ان کا ساتھ دیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی فینز سے بھی کہوں گا کہ اپنی حکومت پر مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے زور ڈالیں۔ عامر خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ 24 اگست کو باکسر عامر خان نے ایل او سی کا دورہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایک پیغام میں محمد عامر کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں بیٹھ کر مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو صرف ٹیلی ویژن (ٹی وی) پر دیکھا ہے۔ مقبوضہ وادی کو دیکھ کر محسوس کیا کہ کشمیریوں پر شدید نوعیت کے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں لہٰذا اس مظلوم قوم سے اظہار یکجہتی کے لیے خود ایل او سی پر جاؤں گا۔

عالمی لائٹ ویٹ چیمپئن باکسر عامر خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بچوں کو قتل کیا جا رہا ہے، بچے اسکول نہیں جا سکتے ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔

یہ وقت کی ضرورت ہے کہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے انسانیت سوز مظالم کے خلاف آگے بڑھ کر آواز اٹھاؤں۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر جانے کا مقصد بھارت کے غاصبانہ اقدامات اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو دنیا میں اجاگر کرنا ہے۔

ایک ٹوئٹر پیغام میں عامر خان نے ایل او سی جانے کا موقع فراہم کرنے پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔


متعلقہ خبریں