بھارت سے جنگ ہوئی تو روایتی نہیں ہوگی، شیخ رشید

’اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو پاکستان سے ملانے کا فیصلہ کرلیا‘

  • ’کشمیر پر سلامتی کونسل کی قرارداد ختم ہوچکی‘
  • ’جنگ ہوئی تو بھارت کی زمین پر گھاس نہیں اگے گی‘
  • ’بھارت میں ہر مسلمان کے گھر سے نعرہ تکبیر بلند ہوگا‘

اسلام آباد: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اب جنگ ہوئی تو یہ آخری ہوگی اور روایتی نہیں ہوگی۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جنگ ہوئی تو بھارت کی زمین پر گھاس نہیں اگے گی اور وہاں گھنٹیاں نہیں بجیں گی۔

انہوں نے کہا کہ 11 ماہ تک پاک فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بیٹھی رہی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کو پاکستان سے ملانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور ہٹلر مودی نے بہت بڑی غلطی کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم جیت جاتی ہے تو مقبوضہ کشمیر میں چھ کشمیری شہید کردیے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 72 سال سے ہماری فوج آج کے دن کے لیے تیار ہوئی اور اسی دن کی منتظر تھی، آج نہ لائن آف کنٹرول ہے اور نہ ہی شملہ معاہدہ۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اشیائے خورونوش ہے نہ ہی ادویات، وہاں لوگوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں مودی حملہ نہیں کرسکتا کیوں کہ اگر اب پاکستان پر حملہ ہوا تویہ آخری جنگ ہوگی۔ شیخ رشید نے کہا کہ سری نگر کی آواز پاکستان کی آواز ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ واجپائی کے مذاکرات میں بھی شامل تھا جنہوں نے کہا کہ اگر شیخ رشید وزیرمہانداری ہوتو پاکستان نہیں آرہا۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا اب مذاکرات کے دروازے بند ہوچکے ہیں، یہ فیصلہ سر آنکھں پر اور اس کو سلام پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ساری قوم وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دے جنہوں نے کشمیر کے حوالے سے امریکی پالیسی کو غیر جانبدار کیا۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کشمیر پر سلامتی کونسل کی قرارداد ختم ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ تک کا وقت دنیائے سیاست کے لیے بہت اہم ہے، کشمیر کا مسئلہ اب حل ہونا ہے، دنیا جان لے کشمیری قوم، فلسطینی اور بوسنیا کی قوم جیسی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کہ خان صاحب سمجھتے ہیں کشمیر کا معاملہ ایک دو ماہ میں آرپار ہوجائےگا جبکہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ معاملہ پانچ سے چھ ماہ میں آرپار ہوجائےگا۔

انہوں نے کہا کہ مودی کو غلط فہمی ہے، فیصلے کا وقت آگیا تو بھارت میں ہر مسلمان کے گھر سے نعرہ تکبیر بلند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ پاکستان کا جھنڈا لے کر باہر نکلیں، ہمیں سفارت کاری کرنی ہے اور مودی کو بھی بے نقاب کرنا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے اور ہمیں بھی اس کے ساتھ کھڑا ہونا ہے کیوں کہ چین آزمودہ دوست ہے۔


متعلقہ خبریں