’ جلد بازی میں موٹر ویز کے افتتاح پر فیتے کاٹنا انسانی زندگیاں نگل رہا ہے‘

موٹروے کو مسافر گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا

فوٹو: فائل


اسلام آباد: قائم مقام آئی جی موٹرویز پولیس خالد محمو نے انکشاف کیا ہے کہ جلد بازی میں موٹر ویز کے افتتاح پر فیتے کاٹنا انسانی زندگیاں نگل رہا ہے ۔

انہوں نے یہ انکشاف آج سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے  مواصلات  کے اجلاس میں کیاہے۔ سینیٹر ہدایت اللہ کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی میں قائم مقام آئی جی موٹر ویز پولیس کی طرف سے موٹر ویز اور ہائی ویز پر ہونے والے حادثات پر بریفنگ دی گئی۔

دوران بریفنگ قائم مقام آئی جی موٹرویز نے انکشاف کیا کہ ملک میں بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کی ذمہ دار موٹر ویز پولیس نہیں بلکہ این ایچ اے اور حکومتوں کی جلد بازی ہے۔

قائم مقام آئی جی موٹرویز پولیس خالد محمود  نے کہا کہ ملک بھر میں ہائی ویز اور موٹر ویز کی کیلئے نفری محض اڑتالیس فیصد ہے این ایچ اے جلد بازی  میں موٹر ویز کھول رہاہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس میں حکومت بھی جلد بازی دکھا رہی ہے جس کے باعث حادثات بڑھے ہیں  اور مزید بڑھیں گے،  موٹر وے پولیس کی ساکھ کو بھی متاثر کیا جا رہا ہے۔

خالد محمد نے شکوہ کیا کہ موٹرویز پولیس کے لئے نفری کی منظوری ہوتی نہیں موٹر ویز چلا دی جاتی ہیں۔

اس پر سینیٹر اشوک کمار  نے بھی قائمقام آئی جی موٹرویز کی ہاں میں ہاں ملاتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت تو تیار فیتے کاٹنے میں جلد بازی دکھا رہی ہے۔

قائمہ کمیٹی نے معاملہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سفارش کی کہ آئندہ کسی منصوبے کا پی سی ون منظور ہی نہ کیا جائے جس میں موٹر وے پولیس کی نفری سمیت پورا پیکیج شامل نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیے: موٹر وے پر جانوروں کی وجہ سے حادثات پر سینیٹ کمیٹی کو تشویش


متعلقہ خبریں